بوتل میں بند کرکے سمندر میں چھوڑا گیا پیغام 5 دہائیوں بعد مل گیا

صور کریں کہ آپ کسی جگہ کی صفائی کر رہے ہوں اور اچانک دہائیوں پہلے کسی بوتل میں بند کیا گیا پیغام مل جائے تو پھر کیا کریں گے؟
اس کا تجربہ امریکی ریاست نیو جرسی کے ایک شخص کو ہوا۔
جان کیوٹرمین ایک ایسے ادارے کے شریک بانی ہیں جو اس ریاست کے دلدلی علاقوں کی صفائی کا کام کرتا ہے۔
ایسے ہی ایک دلدلی حصے کی صفائی کے دوران انہیں ایک بوتل ملی جس میں ایک پیغام موجود تھا جسے 53 سال قبل ایک 9 سالہ بچی نے سمندر میں چھوڑا تھا۔
یہ پیغام بنیادی طور پر ایک مذاق پر مبنی تھا۔
لوری بلیئر کے اس پیغام میں لکھا تھا کہ یہ بوتل 20 اگست 1973 کو اوشین سٹی کے ساحل پر تیرنے کے لیے چھوڑی گئی ہے اور جس کو بوتل ملے تو پیغام کو میرے گھر پر واپس پہنچایا جائے۔
جان کیوٹر مین نے اس پیغام کی تصویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا تاکہ لوری بلیئر کو ڈھونڈ سکیں اور ان کی پوسٹ بتدریج لوری بلیئر کی بہن ایلیسین اسپنسر تک پہنچی۔
ایلیسین اسپنسر نے بتایا کہ ان کی بہن نے یہ خط ان سے لکھوایا تھا جب ان کی عمر 16 سال تھی اور ان کی لکھائی لوری سے بہتر تھی، جس کے بعد اسے ایک ساحل پر تیرنے کے لیے چھوڑ دیا۔
انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ‘میری بہن بہت زیادہ تخلیقی اور پرمزاح لڑکی تھی، اس کا حس مزاح بہت اچھا تھا’۔
جان کیوٹر مین کو علم ہوا کہ لوری بلیئر کا انتقال 2019 میں کینسر کے باعث ہوا اور وہ یہ جان کر بھی حیران ہوئے کہ ان کی سالگرہ اسی دن ہوتی ہے جس دن لوری بلیئر کی سالگرہ ہوتی تھی۔
انہوں نے یہ خط ایلیسین اسپنسر کو بھیج دیا جن کی جانب سے اسے گھر میں فریم کرکے لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔



