مفلوج ہونے کے تجربے سے متاثر ہوکر ایک شخص نے ذہن سے کنٹرول ہونیوالی وہیل چیئر تیار کرلی

اکثر افراد اگر جوانی میں کسی حادثے یا بیماری کے باعث مفلوج ہو جائیں تو ان کے اندر جینے کی امنگ ختم ہو جاتی ہے۔
مگر چین میں ایک شخص نے مفلوج ہونے کے بعد ایک ایسی ایجاد کو ممکن بنایا جس نے لوگوں کو دنگ کر دیا۔
33 سالہ وانگ ننگ نے ذہن سے کنٹرول ہونے والی وہیل چیئر کا پروٹوٹائپ محض 48 گھنٹوں میں ایک ٹیکنالوجی مقابلے کے لیے تیار کیا۔
وانگ ننگ اور ان کی اہلیہ چین کے شہر شینزن سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے ٹیکنالوجی مقابلے میں شرکت کرکے پہلا انعام جیتا۔
2020 میں وانگ ننگ کی ریڑھ کی ہڈی میں 13 سینٹی میٹر بڑی رسولی کی تشخیص ہوئی تھی اور 2 بڑے آپریشن ہوئے، جس کے نتیجے میں ان کا پورا جسم 2 بار مفلوج ہوا۔
ایک موقع پر تو وہ محض صرف اپنی آنکھوں کو ہی حرکت دے پاتے تھے اور شدید اعصابی تکلیف کا سامنا بھی ہوا۔
وانگ ننگ کے مطابق زندگی کے اس مشکل ترین دور میں ان کی اہلیہ نے ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے رننگ شوز کا تحفہ دیا تاکہ وہ بیماری کے خلاف جنگ جاری رکھ سکیں۔
اہلیہ کی مکمل سپورٹ کے باعث وانگ ننگ بتدریج دوبارہ کھڑے اور چلنے کے قابل ہوئے۔
اس کے بعد وانگ ننگ نے اس تجربے کو مدنظر رکھ کر ذہن سے کنٹرول ہونے والی وہیل چیئر کی تیاری پر کام شروع کیا تاکہ مفلوج افراد خودمختاری سے کہیں بھی جانے کے قابل ہو جائیں۔
وانگ ننگ نے فائن آرٹس کی تعلیم حاصل کی تھی اور انہیں کوڈنگ یا ہارڈوئیر کی تیاری کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔
اسی لیے انہوں نے 2022 میں خود آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور برین کمپیوٹر انٹرفیس ٹیکنالوجی کو سیکھنا شروع کیا، کتابیں اور آن لائن کورسز سے مدد لی۔
اپریل 2026 میں وانگ ننگ اور ان کی اہلیہ نے ایک ٹیکنالوجی چیلنج مقابلے میں شرکت کی اور فیصلہ کیا کہ 48 گھنٹوں کے اندر ذہن سے کنٹرول ہونے والی وہیل چیئر کا پروٹوٹائپ تیار کریں گے۔
اس مقابلے میں وہیل چیئر کے ابتدائی ورژن میں متعدد مسائل کا سامنا ہوا اور وہ اکثر رکاوٹوں سے ٹکرا جاتی تھی۔
مگر ٹیسٹنگ کے بعد چہرے کے مسلز کے ساتھ مخصوص دماغی لہروں اور الگورتھم پر مبنی پراسیسنگ کے ذریعے وہ درست کام کرنے والی وہیل چیئر تیار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اس پروٹوٹائپ کو تیار کرنے پر انہیں ہارڈوئیر کیٹیگری کا پہلا انعام 50 ہزار یوآن کے ساتھ دیا گیا۔
جولائی میں اس وہیل چیئر کو شنگھائی میں ورلڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر پیش کیا گیا۔
اب یہ سسٹم ملٹی ڈائریکشنل مائنڈ کنٹرول کو سپورٹ کرتا ہے اور زیادہ جامع ہوگیا ہے، جس سے صارفین مختلف ڈیوائسز جیسے لائٹس، کیمروں اور ائیر کنڈیشنرز کو بھی کنٹرول کرنے کے قابل ہوگئے ہیں۔
وہیل چیئر کے علاوہ وانگ ننگ نے ایک نیوی گیشن ایپل بھی وہیل چیئر استعمال کرنے والوں کے لیے تیار کی ہے۔



