میر رضا قتل کیس: پولیس نے اب تک ہمارا بیان نہیں لیا، ہم سے کچھ کہتے ہیں اور باہر کچھ، والد میر حسین

کراچی میں قتل کیے جانے والے تاجر میر علی رضا کے والد نے کہا ہےکہ پولیس نے اب تک ہمارا بیان نہیں لیا، ہم سے کچھ کہتے ہیں اور باہر کچھ۔
سٹی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر رضا کے والد میر حسین نے کہا کہ رپورٹ سے اندازہ کررہے ہیں کیا تفتیش ہورہی ہے، کبھی فنانس کے مسائل کی بات کرتے ہیں کبھی کچھ اور، میرے بیٹے پر قرضہ تھا تو پورے ملک پر بھی قرضہ ہے، ہم قتل کی بات کررہے ہیں مگر تفتیش کچھ اور ہو رہی ہے۔
میرحسین نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کرنے والا ڈاکٹر اسامہ کیوں غائب ہے، ہمیں تکلیف ہے کہ دوبارہ قبر کشائی کی جارہی ہے، پولیس تحقیقات کرے کہ شناخت کیوں مٹائی گئی، پولیس نے ابھی تک ہمارا بیان ریکارڈ نہیں کیا، پولیس ہم سے کچھ اور بات کرتی ہے باہر کچھ اور۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پر خبر چلنے کے بعد پولیس سے رپورٹ مانگی تو ملی، ہم پہلے ہی تکلیف میں ہیں ہمیں انصاف چاہیے۔
واضح رہے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے تاجر میر علی رضا کی قبر کشائی سے متعلق ان کے اہلِ خانہ کی درخواست منظور کرلی ہے۔



